وزیراعظم کو سعودی عرب سے عمرہ کی دعوت

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی عرب کی جانب سے عمرہ کی دعوت کا پیغام مل گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات طے ہونے کے بعد وزیراعظم سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مختلف منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوگی، وزیراعظم کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔ پاکستان میں سعودی عرب بڑی سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے، جس کے تحت ریکوڈک میں ایک بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی توقع ہے،او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے شئیرز سعودی عرب کو فروخت کیے جائیں گے، سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری آئندہ ماہ میں کیے جانے کی تیاریاں ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم کمیٹی تشکیل دیں گے۔ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اوروزارت توانائی کے حکام بھی شامل ہوں گے، وزیراعظم کو کمیٹی کی تشکیل کے لیے وزارت خزانہ اور توانائی کی سمری ارسال کی جائے گی، کمیٹی تشکیل کے بعد کمیٹی ممبران حتمی بات چیت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے اور ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حکومتی معاہدہ ہو گا۔