راولپنڈی(آن لائن)کھانے میں زہر ملانے پر بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کا تیسرا موقف بھی سامنے آگیا،کمرہ عدالت میں بشری بی بی کی صرف ایک وی لاگر سے علیحدگی میں بات کرنے کی خواہش کا اظہارکیا تاہم جیل انتظامیہ نے علیحدگی میں بات کروانے سے معذرت کر لی،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بشری بی بی نے وی لاگر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر میں نے جو خان صاحب کی زندگی کو درپیش خطرات پر بات کی میڈیا نے اسے رپورٹ نہیں کیا میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں،انہوں نے بتایاکہ شب معراج کے روز میرے کھانے میں (harpic) کے 3 قطرے ملائے گئے تحقیق سے پتہ چلا کہ ہارپک سے ایک ماہ بعد طبیعت ذیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے انکھوں میں سوجن ہو جاتی ہے،سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاؤں گی مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے، پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھی اب کچھ دیر کے لیے کھول دی جاتی ہیں،صحافی نے سوال کیا کہ پہلے آپ کی جانب سے بیان آیا کہ شہد میں کچھ ملایا گیا اب کہا جارہاہے ہارپک کھانے ڈالا گیا ہے جس کے جواب میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا اب کھانے میں بھی ہارپک ملایا گیا۔ایک اور سوال کے کہ کیا زہر والے معاملے کی انکوائری ہوئی تو آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟ اس پر بشریٰ بی بی غصہ میں آگئیں اور نامناسب رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا میں کہاں سے ثبوت لاؤں،بشریٰ بی بی کے اس رویے پر صحافیوں نے بانی پی ٹی آئی سے شکایت کر ڈالی جس پربانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بشری بی بی نے میڈیا کو کبھی ڈیل نہیں کیا ان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں صحافی بشری بی بی کی باتوں کا برا نہ منائیں۔یاد رہے کہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ سماعت پر کہا تھا شہد میں کچھ ملایا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا ہے۔ اب بشریٰ بی بی نے صحافیوں کو بتایا انکے کھانے میں ہارپک ملایا گیاہے۔
Load/Hide Comments



