سپریم کورٹ کے سوموٹو پر بانی چیئرمین نے خوشی کا اظہار کیا،بیرسٹر گوہر علی خان

اسلام آباد(آن لائن)بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ میں گواہان نے تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے کوئی فائدہ نہیں لیا،توشہ خانہ میں بھی تسلیم کر لیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس بے بنیاد ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ججز کے خط اور موجودہ صورتحال پر بات ہوئی ہے،سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن پر بانی پی ٹی آئی نے خوش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر فل کورٹ بنایا جائے تا کہ عدلیہ مکمل طور پر آزاد نظر آئے،انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کو 14 سال قید کی سزا ہوئی تو اب تک گھر میں قید رکھا گیا،بشری بی بی کو سلو پوائزنگ دی جارہی ہے، بشری بی بی کو کچھ ہوا تو طاقتور لوگ ذمہ دار ہوں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی کے خلاف ہماری پٹیشن کو فوری سنا جائے،بانی پی ٹی آئی کی نااہلی لی درخواست بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے اس پر بھی فیصلہ کیا جائے،فارم 45 کو کیسے فارم 47 میں تبدیل کیا گیا تمام میٹریل سپریم کورٹ میں جمع ہیں،خیبر پختونخوا کے الیکشن کو روکا گیاہے، بتایا جائے کہ مخصوص نشستیں پر الیکشن کمیشن نے ہماری بات کیوں تسلیم نہ کی،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آرٹیکل 61 کے تحت اس کو دیکھا جائے کہ جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ کیسے دی گئی،ہماری جو خواتین جو جیل میں ہیں ان کی ضمانتیں ہوئی تو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا،خواتین کے بنیادی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں ان کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کی سیکورٹی کے حوالے سے ہم پہلے بھی آگاہ کر چکے ہیں،سلو پائزنگ کے حوالے سے بشری بی بی نے خود میڈیا کو بھی آگاہ کیا،ہم محاذ آرائی نہیں چاہتے، سب جانتے ہیں کہ بشری بی بی کو کس نے بنی گالہ میں رکھا،بشری بی بی کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہے جن لوگوں نے ان کو سب جیل میں رکھا ہے۔