اہم فیصلہ ساز اداروں میں وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ کو شامل نہ کرنے کا معاملہ

اسلام آباد (آن لائن) اہم فیصلہ ساز اداروں میں وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ کو شامل نہ کرنے کا معاملہ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دونوں ٹیکنو کریٹ ہیں،وزیراعظم نے دونوں کو اعتماد میں لے کر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اہم فیصلہ ساز اداروں میں وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ کو شامل نہ کرنے کے معاملے پر بتایا گیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دونوں ٹیکنو کریٹ ہیں مشترکہ مفادات کونسل ایک سیاسی پلیٹ فارم ہے کونسل میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو شامل کرنے کا مقصد ان کے تجربے سے استفادہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبوں اور وفاق کے درمیان فنڈز کی تقسیم اور تنازعات سے اسحاق ڈار آگاہ ہیں محمد اورنگزیب ایک پروفیشنل شخص ہیں وہ زارت کے امور میں مصروف ہیں مستقبل قریب میں ضرورت ہوئی تو خصوصی شرکت کیلئے انہیں بلایا جاسکتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ کی اسی سی ایل کمیٹی میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو شامل نہ کرنے کے پیچھے کوئی بڑا ایشو نہیں ہے اس کمیٹی میں سیاسی و قانونی مراحل کو دیکھ کر فیصلے ہوتے ہیں ضرورت پڑنے پر محسن نقوی کو بھی کمیٹی میں شامل کیاجاسکتا ہے جبکہ وزیراعظم نے دونوں کو اعتماد میں لے کر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔