اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاکی اسمگلنگ پر نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے وزارتِ داخلہ، توانائی اور صنعت و پیداوار کے متعلقہ حکام کووزیرِ اعظم آفس طلب کیا ہے۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی جانب سے وفاقی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے متعلق خط لکھا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق گندم، چینی اور کھاد سمیت مختلف اشیا کی دوبارہ اسمگلنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔وزیرِ اعظم شہبازشریف نے وزارتِ توانائی، داخلہ اور صنعت و پیداوار کے حکام کو ایکشن پلان ساتھ لانے کی ہدایت بھی کی۔اسمگلنگ کو کنٹرول کرنے کے لیے وزارتِ داخلہ کو آنے والے دنوں میں اہم ترین ٹاسک دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے ملک بھر میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کریک ڈاون دوبارہ شروع کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔وزیرِ اعظم شہبازشریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق حتمی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔
Load/Hide Comments



