وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا یوم پاکستان پر پیغام

لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یوم پاکستان دھرتی سے عہد الفت کی تجدید کادن ہے۔ تعمیر پاکستان کے لئے آج بھی تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔ قوم قرارداد پاکستان منظور کرنے والے مسلم لیگ کے عمائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے یوم پاکستان پراپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ تحریک آزادی اور شہداء تحریک پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے۔ قرار داد پاکستان کی طرح آج قرارداد ترقی پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ نے قیام پاکستان کی جدوجہد کی اور مسلم لیگ نواز شریف کی قیادت میں تعمیر پاکستان کی قرارداد پر عمل پیرا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آج ہم سب کو دہشت گردی، کرپشن، غربت اور بے روزگاری کیخلاف قرارداد منظور کرنی ہے۔آج حکومت کو عوام کی خدمت اورعوام کو ذمہ دارشہری بننے کی قرارداد منظور کرنی ہے۔ ہمیں ماحول صاف رکھنے، پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانے کی قرارداد بھی منظور کرنی ہے- مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کے استحکام اور ترقی کی کے لیے کام کام اور کام کی قرارداد کو اپنانا ہے۔اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پرچلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان پائندہ باد