نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے اپنے دفتر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے مختلف لوگوں نے ملاقاتیں کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ڈاکٹر عیس محمد نے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر عیس محمد نے خواجہ سلمان رفیق کو محکمہ صحت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنا اولین ترجیح ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام نے اعتماد کیا ہے انشاء اللہ اُن کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت خالی نعرے نہیں بلکہ عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کے بہت سے معاملات درست کرنے والے ہیں۔ نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ نظام صحت میں بہتری کیلئے اگلے پانچ سال کا پلان وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پیش کیا ہے۔