لاہور (آن لائن) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے، شہری خود بتا رہے ہیں کہ پنجاب میں پہلی بار رمضان میں چیزیں سستی فروخت ہورہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول کا پروگرام شروع کیا تھا، پرائس کنٹرول پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے، لوگ خود بتا رہے ہیں پنجاب میں پہلی بار رمضان میں چیزیں سستی فروخت ہورہی ہیں۔ اور اسکا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، اوپن مارکیٹ میں ابھی بھی کچھ شکایات موصول ہو رہی ہیں ان کو ہر ممکنہ طور پر حل کیا جا رہا ہے، شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء خورونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستی اور اعلیٰ معیار کی اشیاء کی فروخت جاری ہے، تمام دکاندار ریٹ لسٹ آویزاں کریں، جو دکاندار اشیاء خورونوش کی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کرے گا اس کو معافی نہیں ملے گی۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے جلد پرائس کنٹرول کا مکمل مکینزم بنانے کا اعلان کرتے ہوے کہا پرائس کنٹرول کا شعبہ پہلے غیر فعال تھا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے پرائس کنٹرول کے شعبے کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں کسی کی ذاتی من مانی نہیں چلے گی، مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کا وہی ریٹ ہوگا جو انتظامیہ طے کرے گی، اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کروایا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا.
Load/Hide Comments



