اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ، انتظامیہ کو درخواست پر 2 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے متعلق انتظامیہ کو درخواست پر 2 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، فریقین کو سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو درخواست پر دو دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا، دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ہدایت کی کہ دو دن میں فیصلہ کر کے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائیں۔بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل نے جلسے کی اجازت کی درخواست دائر کی، عامر مغل کی جانب سے شیرافضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جنہوں نے درخواست میں موقف اپنایا کہ 23 مارچ کی رات 10 بجے اسلام آباد میں پر امن جلسہ کرنا چاہتے ہیں، اس سے متعلق این او سی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو 15 اور 18 مارچ کو درخواستیں دیں مگر تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، پی ٹی آئی عام انتخابات کے بعد اسلام آباد میں تین احتجاجی مظاہرے کر چکی ہے جو پر امن رہے۔اپنی درخواست میں پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ معزز عدالت سے استدعا کی جاتی ہے 23 مارچ کو پی ٹی آئی کو پریڈ گراونڈ، ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دی جائے، فریقین کو جلسے کے روز سڑکیں بند کرنے اور شرکا کے خلاف پر تشدد کارروائی سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے جائیں۔