حکومت ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے تو پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے: مسرت جمشید چیمہ

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑنے سے بات شروع کی جو پیٹ پھاڑنے تک گئی اور پھر قوم نے دیکھا پی ڈی ایم بن گئی،انتخابی مہم میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کو کن کن القابات سے نہیں نواز اور آج مفادات کیلئے شیر و شکر ہو گئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کے لئے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے ہے، ہم مفاہمت کے نام پر کسی صورت اس طرزکی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایوانوں کے اندر اور ایوانوں کے باہر نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرترہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ اگر یہ کوئی ڈائیلاگ شروع کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پی ٹی آئی کا چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کریں۔ قانون میں کہا ں لکھا ہے کہ اگر ہمیں کسی وجہ سے مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں تو ان کا کوٹہ کسی اور سیاسی جماعت میں بانٹ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ سطحی کمیشن بنا کر نو مئی کے واقعات کی تحقیقات کرائی جائیں جو حقائق قوم کے سامنے رکھے، قانون کو ہاتھ میں لینے میں ملوث افراد کو ضرور سزائیں ملنی چاہئیں لیکن جو بے گناہ ہیں انہیں مقدمات سے خارج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہارے ہوئے فارم 47کے تحت ایوانوں میں آ سکتے ہیں تو کوئی غیر منتخب شخص بھی کابینہ کا حصہ بن سکتاہے اور وہ شخص ”ڈبل پرائم منسٹر“ بھی بن سکتا ہے۔