نئے صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ آج پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی،

اسلام آباد (آن لائن)ڈاکٹر عارف علوی کے دور صدارت کے اختتام کے بعد نئے صدر کے انتخاب کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،نئے صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ آج پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی، پولنگ صبح دس بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام چار بجے تک جاری رہے گی۔صدارتی انتخاب میں دو امیدواروں میں ون آن ون مقابلہ ہے جس میں حکمران اتحاد کے آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ آصف علی زرداری دوسری مرتبہ عہدہ صدارت کیلئے انتخاب لڑ رہے ہیں انہیں حریف پر واضح برتری ہے اور قوی امکان ہے کہ انہیں چار سو سے زائد الیکٹرول ووٹ ملیں گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 200کے قریب ووٹ ملنے کا امکان ہے۔صدر کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 41کے تحت ہورہا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر پارلیمنٹ ہاؤس میں ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دینگے۔