لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ حکومت کوغیر معمولی فیصلوں کیلئے عوامی حمایت حاصل نہیں ہو گی،8فروری کے انتخابات جمہوریت کی مضبوطی کی بجائے اس کے بخیے ادھیڑنے کا باعث بنے ہیں،خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے دعویدار وں نے ہی عوام کے مینڈیٹ میں نقب لگایا ہے،پی ٹی آئی جمہوریت کا مقدمہ لڑنے کے لئے پر عزم ہے اور ا س سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کامیابی کے حصول تک اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے اور ووٹ چوروں کو صوبے اور عوام کے وسائل پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، ہم مینڈیٹ چوروں کے ہر اقدام کا پوسٹمارٹم کریں گے اور اسے عوام کے سامنے لائیں گے۔ علاوہ ازیں یوم خواتین پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تمام خواتین خصوصاً تحریک انصاف کی وہ بہادر خواتین جو تمام تر فسطائیت کے باوجود بھی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں اپنے لیڈر بانی چیئرمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔اعلی عدلیہ سے گزارش ہے کہ جو خواتین سیاسی قید ی ہیں انہیں انصاف فراہم کیا جایے اور فوری طور پر رہا کیا جائے۔
Load/Hide Comments



