اسلام آباد(آن لائن) ترکیہ کے صدر نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا ہے اور دوسری مرتبہ پاکستان کاوزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی،رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا۔رجب طیب اردوان کا کہناتھاکہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی، انشا اللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا۔
Load/Hide Comments



