پی ڈی ایم ٹو جلد اپنے انجام کو پہنچے گی،چودھری پرویز الٰہی

اسلا م آباد(آ ن لائن)تحریک انصاف کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں جس سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے،مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں،پی ڈی ایم 2 جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تبدیل کر کے ہارے ہوئے لوگ کس منہ سے حلف اٹھا رہے ہیں،چھوٹے لاڈلے نے پہلے بڑے لاڈلے کو فیل کیا اب اپنی طرف سے نہا دھو کے پھر آ گئے ہیں،یہ خود اور ان کا پھیلایا ہوا گند اکٹھا ہی صاف ہو گا، انشاء اللہ۔عہدوں کی بندر بانٹ عوام کو قبول نہیں،پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ہو بہو میرے دور کے منصوبوں کی نقل ہے،مریم نواز پہلے اپنے چچا سے پوچھیں کہ میرے منصوبوں کو نہ روکا ہوتا توآج ان سے عوام مستفید ہو رہے ہوتے،پیسے ان کے پاس ہیں نہیں ایئر ایمبولینس کہاں سے چلائیں گے،عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت دے کراپنا حق ادا کر دیا، آئی ایم ایف موجودہ جعلی حکمرانوں سے معاہدہ کرتے وقت بانی پی ٹی آئی کی تجاویز پر بھی غور کرے،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی عمران خان کے بغیر ناگزیر ہے،عوام نے واضح طور پر الیکشن میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کا انتخاب کیا ہے،مستحکم ریاست اور معیشت کیلئے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے وگرنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں،انتقامی کارروائیاں فوری روکی جائیں، اگر یہی روایت رہی تو پھر سب بھگتیں گے،ہمیں سب سے پہلے پاکستان کا سوچنا چاہئے کیونکہ ہم سب کی شناخت پاکستان سے ہے۔