عالمی برادری ہلاکتوں کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے: فلسطینی سفیر

نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سفیر ریاض المنصور نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں خوراک کے لیے جمہونیوالے فلسطینیوں میں موت بانٹنے والے اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔ سفیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی مذمت کرے۔ریاض المنصور نے کہا ‘ اب سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو کہہ دے؛ ‘ بہت ہو گیا’۔ واضح رہے فلسطینی اتھارٹی کے سفیر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے امدادی ٹرک تک پہنچنے والے فلسطینیوں کو فائرنگ کر کے 112 کی تعداد میں ہلاک اور 760 کو زخمی کر دیا۔اس پر سفیر نے مزید کہا ‘ اسرائیل کی طرف سے یہ وحشیانہ قتل عام اس بات کی گواہی ہے کہ سلامتی کونسل مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور جب تک ویٹو کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے فلسطینیوں کو ان کی زندگیوں سے اسی طرح محروم کیا جاتا رہے گا۔’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ارکان میں سے پانچ مستقل ارکان ہیں، ان میں سے امریکہ نے سات اکتوبر کے بعد سے اب تک کم از کم تین بار جنگ بندی کی قرار داد کو ویٹو کیا ہے۔ امریکہ کا اسرائیل کے حق میں ویٹو کا استعمال اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی ہونے کے سبب ہے غزہ میں جنگ بندی کا مخالف ہے۔فلسطینی اتھارٹی کے اقوام متحدہ میں سفیر کا کہنا ہے کہ اس نے بیان جاری کرنے سے پہلے امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ اپنے پلیٹ فارم سے کوئی ایسی چیز سامنے لائے جس میں ہلاکتوں کے تازہ واقعے کی مذمت کی جائے اور ان کی مذمت کی جائے جو اس قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔