انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

کراچی(آن لائن) رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 26 فروری سے ہوگا، مہم کے دوران چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم26 فروری سے شروع ہوگی۔ 3 مارچ تک جاری رہنے والی مذکورہ مہم کیلیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر 5 سال تک کی عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔اس دوران بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن A کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے 33 اضلاع کے علاوہ ملک بھر میں یہ مہم چلائی جائے گی۔کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں 1 کروڑ 60لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب میں 2کروڑ 30لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 26لاکھ 55ہزارجبکہ اسلام آباد، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں 14لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے دیے جائیں گے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پولیو نے ہمارے بچوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اس کا خاتمہ ایک قومی ہدف ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں اوراپنے بچوں کو اس مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، کیونکہ اگر کل بچّے کو چلنا ہے تو اس کا فیصلہ آج کرنا ہے۔