مسلم لیگ ن میں حکومت بنانے کے حوالے سے کوئی ہچکچاہٹ نہیں،مصدق ملک

اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں حکومت بنانے کے حوالے سے کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کچھ آئینی لحاظ سے مسائل ہیں ان کو دیکھا جا رہا ہے۔اگر اکثریتی پارٹی ن لیگ مرکز میں حکومت نہیں بنائے گی تو کون بنائے گا۔شہباز شریف نے آزار امیدواروں کو حکومت بنانے کی پیش کش کی۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر آزاد امیدوار حکومت نہیں بناتے تو پھر ن لیگ کو حکومت بنانا پڑے گی۔ملک کو اس صورتحال میں ایسے تو نہیں چھوڑا جا سکتا۔ملک میں کہیں بھی کسی قسم کا کوئی بحران نہیں۔حکومت سازی کے حوالے سے معاملات طے کئے جا رہے ہیں۔سیاست میں معاملات کو طے کرنے کے لئے مزاکرات ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم آئین کے مطابق معاملات کو حل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔حکومت کو چلانے کے لئے اہم نکتہ ایک دوسرے پر اعتماد ہے۔حکومت سازی بنانے کے حوالے سے کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس مسائل کے حل کا مکمل خاکہ موجود ہے۔شہباز شریف سارا خاکہ عوام کے سامنے رکھیں گے ۔