محمد حفیظ کا پاکستان ٹیم کی خراب پرفارمنس کے حقائق کا انکشاف کرنے کا اعلان

لاہور (آن لائن) پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر) پر محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ وقار اور فخر کے ساتھ پاکستان کو ترجیح دی اور اس کی نمائندگی کی۔ میں نے بحیثیت ڈائریکٹر پی سی بی کا نیا کردار مثبت اصلاحات کرنے کے جذبے کے ساتھ قبول کیا لیکن بدقسمتی سے میری مقرر کردہ مدت جو پی سی بی نے 4 سال کے لیے پیش کی تھی، نئی چیئرمین شپ کی وجہ سے 2 ماہ کے لیے کم کر دی گئی،پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات‘۔سابق آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ ’ہمیشہ کی طرح میں سب سے پہلے ذمہ داری لیتا ہوں اور اپنے مقررہ وقت میں اپنے تمام فیصلوں کے لیے خود کو جوابدہ بناتا ہوں اور اس کے مطابق تمام کرکٹ اور دیگر شوقیہ غیر کرکٹ حقائق کو ظاہر کروں گا جو خراب کارکردگی کا باعث بنتے ہیں “۔واضح رہے کہ محمد حفیظ پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین محسن نقوی سے مل کر دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے بارے میں رپورٹ پیش کرنا چاہتے تھے۔تاہم نقوی نے حفیظ کو ملاقات کے لیے وقت نہیں دیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پی سی بی حفیظ کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کپتان حفیظ کو گزشتہ سال نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ 43 سالہ محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹونٹی کھیلے ہیں اور 12,780 رنز بنائے ہیں جبکہ 253 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔