لودھراں (آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ووٹ ایک امانت اور طاقت ہے، ووٹ کو ضائع نہیں کرنا،عام انتخابات کے بعد ایک مستحکم حکومت بننی چاہیے۔لودھراں میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پانچ سال کیلئے حکومت بنے تاکہ معیشت مستحکم ہوسکے۔معیشت مستحکم ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔8فروری کے بعد کس کی حکومت بننے کے سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 8 فروری گزرنے دیں، سب سوالوں کا جواب دوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر کا پولنگ اسٹیشن ہے، اپنا ووٹ کاسٹ کرنے آیا ہوں۔ سب لوگ گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے پولنگ کا عمل بہترین طریقے سے چل رہا ہے، میری کوشش ہے دونوں حلقوں سے جیتوں، جہاں جہاں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہیں انشاء اللہ سب جیتیں گے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، دہشت گردی کا عمل ہمارے ملک سے ہمیشہ کیلئے ختم ہونا چائیے۔ ہمارے جوانوں پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد بہت ضروری ہے۔الیکشن کمیشن کے انتظامات سے مطمئن ہوں کہ انہوں نے اچھے اور بہتر انتظامات کئے ہیں۔امید ہے الیکشن کمیشن اسی طرح فرائض بخوبی سرانجام دیگا۔کوشش ہوگی کہ حلقے اور ملک کیلئے کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹر جب بوتھ میں جاتا ہے تو وہ اکیلا ہوتا ہے اور اس نے اپنی مرضی سے مہر لگانا ہوتی ہے۔ حلقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
Load/Hide Comments



