ممبئی (آن لائن) ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے محروم ہوسکتے ہیں جو سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، راجکوٹ میں 15 سے 19 فروری تک کھیلا جائے گا۔ 35 سالہ ویرات کوہلی نے پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے دستبرداری اختیار کر لی اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) تاحال تاویز کی دستیابی کے بارے میں نہیں جانتا ہے۔اگرچہ بی سی سی آئی نے 35 سالہ کھلاڑی کی غیر موجودگی کے پیچھے کوئی وجہ نہیں بتائی، یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ کوہلی نے خاندانی وجوہات کی بنا پر پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے خود کو باہر کر دیا تھا۔ تاہم جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ہفتے کے روز انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں کوہلی کی غیر حاضری کی اصل وجہ سے پردہ اٹھایا۔اے بی ڈویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ویرات کوہلی کی عدم شرکت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی کی زندگی میں سب کچھ بہتر ہے، وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں کیونکہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ میں کسی اور بات کی تصدیق نہیں کرسکتا۔ میں کرکٹ کے میدان میں انہیں کھیلتے دیکھنے کا انتظار کر رہا ہوں لیکن اگر آپ سچے اور جینوین انسان ہیں تو فیملی آپ کی پہلی ترجیح ہوتی ہے، اس پر ویرات کوہلی کو جج نہیں کیا جا سکتا، یقینا ہم انہیں مس کر رہے ہیں لیکن انہوں نے اچھا فیصلہ لیا ہے۔خیال رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی اور پھر جنوری 2021 میں ان کے ہاں بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی،اس وقت بھی ویرات کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ادھوری چھوڑ کر اپنی فیملی کے پاس آگئے تھے۔
Load/Hide Comments



