حماس نے جنگ بندی منصوبے کی ابتدائی مثبت تائید کر دی

دوحہ (آن لائن) قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں جنگ روکنے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق تجویز پر ابتدائی مثبت تائید کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماجد الانصاری نے قطری، امریکی، اسرائیلی اور مصری حکام کی فرانس کے دارلحکومت میں اتوار کے روز ہونے والے ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پیرس میں ہونے والے اجلاس میں تجاویز کو مجتمع کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ثالثی کا کردار ادا کرنے والے امریکی، مصری اور قطری حکام نے اپنی ملاقاتوں میں غزہ کی جنگ میں چھ ہفتوں کے وقفے اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق تجویز حماس کے سامنے پیش کی تاکہ وہ اس کا جائزہ لے کر اپنا موقف ظاہر کر سکے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن کے ایک گریجویٹ سکول سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ابھی مشکل راستہ موجود ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں فریق ابتدائی امور پر راضی ہو گئے ہیں جو ہمیں آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔ اگلے چند ہفتوں میں ہم اس جنگ بندی کے متعلق خوشخبری سنانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔