محمد عامر سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا: شاہین شاہ آفریدی

دبئی(آن لائن) قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے محمد عامر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ محمد عامر کے ساتھ 2019 کا ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں، اس کے علاوہ قومی ٹیم میں بھی ساتھ کھیل چکے ہیں اور اس دوران بھی محمد عامر سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا تھا۔انہوں کہا کہ وہ دونوں انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، گلف جائنٹ کے خلاف میچ میں پارٹنرشپ کی طرح باولنگ کی ہے اور یہ تجربہ بہت کامیاب رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹی ٹونٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ریٹائرڈ تیز گیند باز محمد عامر نے ILT20 کے سیزن دو میں گلف جائنٹس کے خلاف ڈیزرٹ وائپرز کے لیے ایک ساتھ نئی گیند شیئر کی۔نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے باعث پہلا میچ نہ کھیلنے والے شاہین نے ڈیبیو کیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ 23 سالہ نوجوان نے متاثر کن طور پر اپنے چار اوور کے اسپیل میں صرف 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب عامر نے اپنے چار اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی شائقین 2020 کے بعد پہلی بار دونوں کو ایک ساتھ باولنگ کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش تھے۔واضح رہے کہ پاکستان کے چار کھلاڑی وائپرز کا حصہ ہیں۔ عامر اور شاہین کے ساتھ شاداب خان اور اعظم خان بھی کھیل رہے ہیں۔ دوسری جانب عماد وسیم دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں جو ٹورنامنٹ میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یاد رہے چھ ٹیموں کا ILT20 جمعہ کو شارجہ میں شروع ہوا۔ فائنل 17 فروری کو کھیلا جائے گا۔