کراچی(آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد دل برداشتہ ہوکر پاکستان چھوڑ کر برطانیہ شفٹ ہوگئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سرفراز احمد نے مستقبل سے مایوس اور دلبرداشتہ ہوکر پاکستان کو خیرباد کہہ دیا اور وہ اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں کے ساتھ برطانیہ کے دارالحکومت لندن منتقل ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سرفراز احمد پاکستان میں مستقبل سے مایوس ہونے کے باجود قومی کرکٹ سے اپنا تعلق برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور وہ پی ایس ایل سیزن 9 کے میچز میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔سرفراز احمد 2007 سے 2023 تک پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔انہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال دسمبر میں پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ 36 سالہ سرفراز احمد نے وکٹ کیپر اور بلے باز کی حیثیت سے پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے دو عالمی مقابلوں کی ٹرافیاں بھی اٹھائیں۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کی ٹرافی اٹھائی تھی جب کہ انڈر 19 کرکٹ میں بھی سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم 2006 میں بھارت کیخلاف فائنل میں فاتح بنی تھی۔
Load/Hide Comments



