دورہ آسٹریلیا بابر اعظم کیلئے ڈراونا خواب ثابت ہوا

لاہور(آن لائن) بابر اعظم کیلئے دورہ آسٹریلیا ڈراونا خواب ثابت ہوا۔ تینوں ٹیسٹ میچز کی تمام 6 اننگز میں 21 کی اوسط سے 126 رنز بنا سکے، اس میں کوئی ففٹی شامل نہیں ہے۔ سب سے بڑی اننگز 41 رنز کی کھیلی، پرتھ ٹیسٹ کی پہلی باری میں 14، دوسری میں 21 رنز بنائے، میلبورن ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 41، دوسری میں صرف ایک رن سکور کیا، سڈنی ٹیسٹ میں پہلی باری میں 26، دوسری میں 23 رنز تک محدود رہے۔آسٹریلیا میں بابر اعظم کی مجموعی کارکردگی بھی قابل رشک نہیں، انھوں نے 2016 سے ابھی تک 16 اننگز میں 25.25 کی ایوریج سے 404 رنز بنائے ہیں، ان میں ایک سنچری اور ایک ففٹی شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کے لیجنڈری کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی آسٹریلیا میں ہمیشہ ناکامی سے دوچار نظر آئے۔انھوں نے 2007 سے 2014 تک آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی 18 اننگز میں 19.43 کی کم ترین اوسط سے صرف 311 رنز اسکور کیے۔حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر نے اپنے کیریئر میں یوں تو 5347 رنز سکور کیے مگر وہ آسٹریلیا میں بری طرح ناکام رہے۔ یہاں انھوں نے 2012 سے 2023 تک 13 ٹیسٹ اننگز میں کی اوسط سے صرف اور صرف 217 رنز اسکور کیے۔