ری پبلکنز ضروری اقدامات کے بجائے بغیر شوائد کے بے بنیاد باتوں پر وقت ضائع کررہے ہیں، جوبائیڈن

واشنگٹن (آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر جوبائیڈن کے مواخذہ کی تحقیقات سے متعلق باضابطہ منظوری دیدی، صدر بائیڈن نے ایوان کے اقدام کو بے بنیاد اور سیاسی شعبدہ بازی قرار دیدیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ری پبلکن کے زیر اثر ایوان میں ووٹنگ ہوئی جس میں تحقیقات سے متعلق قرارداد کے حق میں 221 اور مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔ یہ اس بات کی تحقیقات کے لیے کیا جارہا ہے کہ آیا صدر بائیڈننے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے بیرون ممالک کاروبار سے فائدہ اٹھایا یا نہیں۔ ہنٹر بائیڈن نے ایوان کی کمیٹی کے سامنے بند کمرے میں پیشی سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ عوام کے سامنے پیشی چاہتے ہیں اور یہ بھی کہ جوبائیڈن بے قصور ہیں۔ ری پبلکنز کا الزام ہے کہ ہنٹر بائیڈن نے یوکرین اور چین میں کاروبار کیے اور غیر ملکی کاروباری شخصیات کو اس وقت کے نائب صدر جوبائیڈن تک رسائی کی یقین دہانیاں کرائیں تاہم شواہد پیش نہیں کیے گئے کہ آیا بائیڈن نے کسی کو فائدہ دیا یا خود فائدہ اٹھایا۔اپنے ردعمل میں صدر بائیڈن نے کہا کہ ری پبلکنز ضروری اقدامات کے بجائے ان بے بنیاد باتوں پر وقت ضائع کررہے ہیں جن کے بارے میں ری پبلکن اراکین کانگریس خود تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے پاس شواہد نہیں ہیں۔