دورہ آسٹریلیا کیلئے 18رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

لاہور(آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل دورہ آسٹریلیا کے لیے شان مسعود کی قیادت میں 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈبل سنچری، تین سنچریاں کرنے والے صائم ایوب ٹیم میں شامل، فاسٹ باؤلر خرم شہزادبھی ٹیم میں شامل،آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی، محمد وسیم جونیئر اور میرحمزہ بھی سکواڈ میں شامل،شان مسعود ٹیم کی کپتانی کرینگے، بابر اعظم اور سرفراز احمد بھی سکواڈ میں شامل۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وہاب ریاض کے دوران چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں صائم ایوب اور فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو شامل کیا گیا ہے۔صائم ایوب نے قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈبل سنچری سمیت 3 سنچریوں کی مدد سے 553 رنز بنائے تھے۔نوجوان بلے باز 22 سالہ صائم ایوب نے پاکستان کپ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز قرار پائے تھے۔قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری کے دوران 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی اور 34 سالہ شان مسعود پہلی بار پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، جنہیں بابراعظم کی جگہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ٹیسٹ اسکواڈ میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے 23 سالہ فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے رواں برس قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ پاکستان کپ میں بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔دورہ آسٹریلیا کے لیے آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، انہوں آخری مرتبہ دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد وسیم جونیئر اور میرحمزہ کی بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دونوں باؤلرز نے گزشتہ برس دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز پاکستانی نمائندگی کی تھی۔دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شان مسعود (کپتان)، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا کی چیلنجنگ کنڈیشنز مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی گئی ہے اور فاسٹ باؤلرز زیادہ رکھے گئے ہیں تاکہ تین ٹیسٹ میچوں میں کامبینیشن تیار کرنے میں آسانی رہے۔انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شان دار کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ دونوں میں متاثرکن کارکردگی دکھائی۔وہاب ریاض کا کہنا تھ اکہ قومی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا آغاز رواں برس سری لنکا میں جیت کے ساتھ کیا تھا اور امید ہے کہ ٹیم آسٹریلیا میں بھی یہی رجحان برقرار رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ سلیکشن میں وہ تمام ضروری وسائل شامل کیے جائیں، جن سے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔پی سی بی کے مطابق پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ 22 نومبر کو تربیتی کیمپ کے لیے راولپنڈی میں جمع ہوگا جہاں 23 سے 28 نومبر تک پنڈی اسٹیڈیم میں کیمپ میں جاری رہے گا، جس کے بعد 30 نومبر کو قومی اسکواڈ لاہور سیآسٹریلیا روانہ ہوگا۔اعلامیے کے مطابق تربیتی کیمپ کے لیے ارشد اقبال، کاشف علی، شاداب خان، شاہنواز دھانی، محمد نواز، عثمان قادر اور اسامہ میر کو بھی شامل ہیں۔ قومی ٹیم پہلا ٹیسٹ چودہ سے اٹھارہ دسمبر تک پرتھ، دوسرا ٹیسٹ چھبیس سے تیس دسمبر تک میلبرن جبکہ تیسرا ٹیسٹ تین سے سات جنوری سڈنی میں کھیلا جائے گا۔