محمد یوسف پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ ،عمر گل نئے باؤلنگ کوچ،سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

لاہور(آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف کی پاکستان انڈر 19 کے ہیڈ کوچ کے طور پر تقرری کی تصدیق کر دی جبکہ عمر گل پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ اور سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر کردئیے گئے ہیں۔ محمد یوسف کی پہلی اسائنمنٹس میں 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں انڈر 19 ایشیا کپ 2023ء اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں انڈر 19 آئی سی سی ورلڈ کپ 2024ء شامل ہے۔49 سالہ محمد یوسف جو اس سے قبل پاکستان مینز ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خدمات انجام دے چکے ہیں،پاکستان کے نامور بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے 1998ء سے 2010ء تک کے انٹرنیشنل کیریئر میں 7,530 ٹیسٹ اور ون ڈے رنز بنائے اور ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا جب انہوں نے 2006ء میں ریڈ بال فارمیٹ میں 11 میچز میں 9 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد اور 99.33 کی اوسط سے 1788 رنز بناکر سر ویوین رچرڈز کا 30 سالہ ریکارڈ توڑا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنی مورکل پہلے ہی مستعفی ہو چکے ہیں، عمر گل کو جلد باقاعدہ ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ جلد عمر گل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا، دورہ آسٹریلیا میں عمر گل قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور باؤلنگ کوچ جائیں گے۔ جلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر سہیل تنویر کو قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔سہیل تنویر کا پہلا اسائنمنٹ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انتخاب ہوگا جو 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔پی سی بی کے مطابق سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ یہ تقرری ان کے لیے اعزاز ہے جس کے لیے وہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ذمہ داری انڈر 19 ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔یاد رہے کہ سہیل تنویر نے 2007 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 2 ٹیسٹ، 62 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز سکور کیے ہیں۔