آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کا فائنل آج بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائے گا

احمد آباد (آن لائن) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کا فائنل آج (اتوار کو) احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔بھارت میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ فائنل کے لئے احمد آباد کی پچ کے بارے میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کے لئے بنائی گئی پچ سلو ہو گی۔ یہ پچ پاک بھارت میچ جیسی ہو گی اور بلے بازوں اور باؤلرز دونوں کے لئے سازگار ہو گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پچ کیوریٹر کا کہنا ہے کہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لئے 315 تک کا بہترین اسکور ہو سکتا ہے۔پچ کیوریٹر کے مطابق بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو 315 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لئے مشکل ہو گی۔دریں اثنا ء فائنل میچ سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ ورلڈکپ کی اختتامی تقریب کو 4 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی تقریب میں بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم ایئرشو کا انعقاد کریگی بعدازاں ٹاس ہوگا۔ پہلی اننگز کے وقفے میں کوک اسٹوڈیو انڈیا کے وائرل گانے کی آدتیہ گدھوی کی پرفارمنس ہوگی۔ اننگز کے وقفے میں ایک طویل پروگرام ہوگا جس میں موسیقار پریتم چکرورتی، گلوکار جونیتا گاندھی، نقاش عزیز، امیت مشرا، آکاسا سنگھ اور تشار جوشی پرفارم کریں گے جبکہ دوسری اننگز کے وقفے میں اسٹیڈیم میں لیزر اور لائٹ شو منعقد کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانی یا انکے نائب فائنل دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم آئیں گے۔دوسری جانب ورلڈکپ فائنل 2023 سے ایک روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آ?ئی) نے تمام ٹیموں کے سابق کپتانوں کو مدعو کیا ہے تاہم 1992 میں پاکستانی ٹیم کے کپتان عمران خان نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے شرکت سے انکار کردیا ہے۔