منیبہ علی فٹنس مسائل کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر

ڈھاکہ (آن لائن) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی بلے باز منیبہ علی فٹنس مسائل کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر ہو گئیں ہیں۔بائیں ہاتھ کی بلے باز نے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے دوران میدان میں اپنے دائیں ٹانگ کی ران کے پٹھوں میں تکلیف محسوس کی۔ٹیم کے فزیو اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے میڈیکل پینل کے جائزے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ 26 سالہ وکٹ کیپر بلے باز فٹنس مسائل کا شکار ہے۔پی سی بی کے میڈیکل پینل کے مطابق 10 نومبر کو تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے کے لیے منیبہ کی دستیابی ان کی میچ کے لئے فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد کی جائے گی۔پاکستان کی خواتین ٹیم نے ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ میں میزبان بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہے۔