امریکی صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ جنگ میں جزوی وقفے پر گفتگو، جنگ بندی کا امکان مسترد

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹیلیفونک بات چیت کر کے غزہ بحران پر تبادلہ خیال کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ جنگ میں جزوی وقفے پر بات چیت کی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کی پٹی پر قبضے کے ارادے ظاہر کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمے داری سنبھالے گا، اس وقت حماس کی وجہ سے اسرائیل کے پاس سیکیورٹی کی ذمے داری نہیں ہے۔ دریں اثنا مغربی کنارے میں جنین کیمپ کے باہر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔