اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کابینہ کے اجلاس میں بھی 90روز کے اندر انتخابات کرانے کی بات کی تھی۔ آئین کا تقاضہ ہے کہ 90 دن کے اندر انتخابات ہوں جبکہ مولانا کی فرمائش ہے کہ انتخابات ضروری نہیں ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید نہ کیا جاتا تو 8جنوری 2008ء کو انتخابات ہو جاتے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے سوال کیا کہ وہ کس کی فرمائش پر جنوری میں انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔ جمہوری سوچ رکھنے والے انتخابات سے بھاگنے کے لئے بہانے تلاش نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن قوم کو سچ سچ بتائیں کے کس قیمت پر انہوں نے آمر پرویز مشرف کا الیکشن آئین سے نتھی کیا تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کرکے کٹھ پتلی کو اقتدار چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمن قوم کو اس بات کا جواب دیں کہ کس کے اشارے پر لانگ مارچ شروع کیا اور کس کے اشارے پر ختم کیا تھا۔
Load/Hide Comments



