مقبوضہ بیت المقدس(آن لائن) ایک فلسطینی عہدہ دار نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کا ایک وفد رواں ہفتے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع رام اللہ شہر کا دورہ کرے گا اور وہاں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرے گا جبکہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان امن معاہدے کو یقینی بنانے کی سفارتی کوششیں جاری ہیں جس میں فلسطینیوں کے لیے مراعات شامل ہوسکتی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس عہدہ دار نے بتایا کہ وفد کی قیادت فلسطین میں غیر مقیم سعودی سفیر کریں گے، جن کا تقرر گذشتہ ماہ کیا گیا تھا۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔اس دوران میں امریکی عہدے داروں نے اشارہ دیا ہے کہ واشنگٹن کا اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ اور سعودی عرب کے لیے سویلین جوہری پروگرام سمیت کوئی بھی معاہدہ متوقع ہے۔اس مجوزہ معاہدے کے ضمن میں تصفیہ طلب مسائل میں تنازع فلسطین سرفہرست ہے۔اس لیے دونوں فریقوں کے درمیان امن عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا جائے گا جس سے اسرائیل کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور تنازع کے دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو۔
Load/Hide Comments



