بیجنگ(آن لائن) چین نے کشمیریوں کے یوم سیاہ پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگز نے کہا کشمیر کے تنازع پر چین کا موقف مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ترجمان ماو ننگز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی مسئلہ ہے، فریقین کشمیر کے تنازع کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔دوسری جانب ترکیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کے چار سال مکمل ہونے پر انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب ہوئی۔ترک پارلیمنٹیرین نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔اس کے علاوہ انقرہ میں بھارتی جبر اور مظالم کیعکاسی کے لئے دو روزہ تصویری نمائش جاری ہے جہاں ترک سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا۔واضح رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔
Load/Hide Comments



