پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی دور کا ریکارڈ دینے سے گریزاں

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیاں، پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنیوالی منیجمنٹ کمیٹی کے ریکارڈ کی فراہمی سے گریزاں، وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی دور کا تمام ریکارڈ 4جولائی تک فراہم کرنے کی تنبہیہ کردی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو دوبارہ یادھانی کا خط لکھ دیا جس میں نجم سیٹھی دور میں منیجمنٹ کمیٹی کی بھرتیوں کے تمام ریکارڈ، کوچز سمیت کنٹریکٹ اور مستقل بنیادوں پر رکھے گئے تمام افراد کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے دور میں اخراجات کے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جاے، نجم سیٹھی دور میں ہونیوالے معاہدوں، منیجمنٹ کمیٹی کے ممبران پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کی جاے، بتایا جاے منیجمنٹ کمیٹی کے دور میں کوچز اور آفیشلز کیخلاف کتنی انکوائریاں ختم کی گئی؟ خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو تمام ریکارڈ 4جولائی تک فراہم کرنے کی تنبہیہ کی گئی ہے۔آن لائن کے پاس دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ یادھانی خطوط16 مئی، 2، 13، 22جون کوبھی لکھ چکی ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے یادھانی خط تحریر کیا گیا۔یاد دھانی خط کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھی ارسال کی گئی۔ واضح رہے کہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے غیر ضروری اخراجات سے متعلق شکایات پر وفاقی حکومت نے ریکارڈ طلب کر رکھا ہے.