شاہین آفریدی کے ایک اوور میں 4 چھکے، شائقین کے دل موہ لئے

ناٹنگھم(آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش لیگ میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مداحوں کے دل موہ لئے اس کے ساتھ ہی مداحوں نے فاسٹ باؤلر کو مشورہ دیا ہے کہ انکی خاصیت بولنگ ہے صرف اسی پر توجہ دینی چاہئیے۔شاہین شاہ آفریدی ان دنوں انگلینڈ میں ہیں جہاں وہ لیگ ٹی20 بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ سیسٹر شائر سے مقابلے میں شاہین آفریدی نے 11 گیندوں پر 29 رنز بنائے جب کہ ان کی اس دھواں دھار اننگز میں چار چھکے بھی شامل تھے جو انہوں نے وورسیسٹر شائر کے کیوی اسپنر مائیکل بریسول کے ایک ہی اوور میں لگائے۔ انگلش لیگ میں جہاں شائقین ان کی بیٹنگ کے پرستار ہو رہے ہیں وہیں شاہین کی بولنگ کئی مداحوں کو پریشان کر رہی ہے۔اس میچ میں بھی شاہین نے 4 اوورز میں 45 رنز دیے جب کہ ایک وکٹ ہی حاصل کرسکے، اگر لیگ کے باقی میچز کی بات کی جائے تو فاسٹ بولر نے اب تک پانچ میچز کھیل کر صرف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔مداحوں کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کی خاصیت ان کی بولنگ ہے اور وہ اس میں نایاب ہیں، اسی لیے انہیں صرف اسی پر توجہرکھنی چاہیے۔