چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عرو ج پر پہنچ گئی

واشنگٹن(آن لائن) چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عرو ج پر پہنچ گئی، دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، جارحانہ عزائم کا الزام لگادیا۔امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے ایک جے 16 لڑاکا طیارے نے امریکی فضائیہ کے آر سی -135 طیارے کو روکنے کے لیے جارحانہ حربے آزمائے ہیں۔دوسری جانب چین نے امریکی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یاد رہے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والی امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں حکومت کی تبدیلی کے باوجود کمی نہیں آئی اور اس ضمن میں ہونے والی کسی کوشش کا خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔تائیوان کے مسئلے میں یہ تلخی مزید بڑھ گئی اور بحرالکاہل کی فضاؤں میں چین اور امریکا کے فوجی طیارے آمنے سامنے آگئیجس پر دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے پر فضائی حدود کی خلاف ورزی اور جارحانہ عزائم کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکہ نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ طیارہ بین الاقوامی فضائی حدود کو محفوظ طریقے سے استعمال کرنے کے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پرواز کر رہا تھا لیکن چینی طیارے نے عین سامنے آکر اس میں رکاوٹ ڈالی جو امریکی پائلٹ کی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا تھا.