لاہور (آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا 9 مئی 2023 کو ملک کی پچھتر سالہ تاریخ کے دلخراش واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس لاہور کو بلوا کر کے جلایا گیا اور اسکی حرمت کوپامال کیا گیا۔ پاک فوج اور سول ملازمین کو شدید زخمی کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے افسوس اور تشویش کا مقام ہے جو کام ہماراازلی دشمن کبھی نہ کر سکا اس کو ایک سیاسی جماعت کے حواریوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی اور اشتعال انگیزی کے ذریعے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج ہر محب وطن پاکستانی 9 مئی کے واقعات پر رنجیدہ ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی تنصیبات اور عمارتوں میں حملوں میں ملوث تمام شر پسندوں کی نشان دہی کی جائے اور انھیں 72 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے. انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حملہ آوروں کی نشان دہی کے عمل میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی صورت کوئی بے گناہ نہ پکڑ لیا جائے. وزیراعظم نے مزید کہا اس سلسلے میں قانونی تقاضے نظر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس کو ہدایت کی کہ نادرا اور سیکورٹی ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شر پسند عناصر کے خلاف جلد از جلد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ, وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نزیر تارڑ، مشیروزیراعظم احد چیمہ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی, وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان, چیف سیکرٹری پنجاب,چیف سیکرٹری کے پی، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس, انسپکٹر جنرل کے پی پولیس اور کمیشنر لاہور ڈویڑن شامل تھے۔
Load/Hide Comments



