اسلام آباد(آن لائن)ایم پی او کے تحت گرفتاری پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری جیل میں بیمار ہو گئی۔ شیریں مزاری کی پمز منتقلی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ایمان مزاری ایڈوکیٹ نے اپنی والدہ کی طرف سے درخواست دائر کی درخواست گزار ایمان مزاری کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کو 12 مئی کی رات اڑھائی سے تین بجے کے قریب اسلام آباد میں انکی رہائشگاہ سے اٹھایا گیا، گرفتاری کے بعد مجھے عدالتی حکم پر صرف ایک مرتبہ اپنی والدہ سے سنٹرل جیل راولپنڈی (اڈیالہ جیل) میں ملاقات کی اجازت دی گئی، میری والدہ 72 برس کی ضعیف خاتون، بلڈ پریشر اور آرٹھرائٹس کے عارضوں میں مبتلا ہیں، میری والدہ کو جیل میں نہایت بْرے حالات میں قید کیا گیا ہے اور انہیں شدید ذہنی کوفت پہنچائی جارہی ہے۔ ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کے بلڈ پریشر کا معائنہ کیا گیا تو وہ نہایت بلند تھا، میری والدہ کی ایک ٹانگ میں شدید سوزش تھی جس سے وہ غیر معمولی تکلیف کی شکار تھیں، ناقص اور غیرمعیاری کھانے کے باعث میری والدہ جیل میں فوڈ پوائزننگ کی بھی شکار تھیں، میری والدہ کو سی کلاس کے ایک نہایت ناگفتہ بہہ سیل میں قید کیا گیا ہے، جیل میں میری والدہ کو کوئی بہتر طبّی سہولت تک میسر نہیں، ان کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت ہم اہلِ خانہ کیلئے نہایت تشویش اور پریشانی کی موجب ہے، معزز عدالت ڈاکٹر شیریں مزاری کے فوری طبّی معائنے کا حکم اور علاج معالجے کیلئے انہیں اسپتال منتقلی کی اجازت دے.
Load/Hide Comments



