عمران خان کی پیشی پر دارالحکومت میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کیا گیا

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران وفاقی دارالحکومت میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کیا گیا،اسلام آباد کو چاروں طرف سے بند، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ذریعے محصور کر دیا گیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران شہریوں کو نقل و حرکت میں سنگین مشکلات کا سامنا رہا،سری نگر ہائی وے کو عملاً نو گو ایریا میں تبدیل کر دیا گیا،پرامن احتجاج، اظہار اور پْرامن اجتماع کے بعد شہریوں کے نقل و حرکت کا آئینی حق بھی مکمل طور پر معطل کردیا گیا۔تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی آڑ میں پولیس اور نیم فوجی دستے عام شہریوں پر عرصہ حیات تنگ کررہی ہے ایمبولینسز کی نقل و حرکت بھی مکمل ختم کر دی گئی، شہریوں کیلئے اسپتالوں تک رسائی کا کاٹ دیا گیا۔تین روز سے انٹرنیٹ کی غیرقانونی بندش کے ذریعے شہریوں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کی ساتھ دارالحکومت کے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کارگو روٹس کو کاٹ دیا گیا،بیرونِ ملک روانگی کیلئے ایئرپورٹ کا رخ کرنے والے شہریوں کی ہوائی اڈے تک رسائی کو بھی کاٹ دیا گیا ہے۔شہر میں خوف اور ہراسگی کا راج، پولیس اور نیم فوجی دستے ظلم و بربریت میں آزاد ہیں۔