نیب، وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ سمیت تمام 16 ملزمان کو بے گناہ قرار دے دیا

لاہور (آن لائن) نیب نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ سمیت تمام 16 ملزمان کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بے گناہ قرار دے دیا۔ نیب حکام نے احتساب عدالت میں سپلیمنٹری تفتیشی رپورٹ جمع کرائی اور کہا کہ شہباز شریف سمیت کسی بھی ملزم کیخلاف کرپشن سے اثاتہ جات بنانے کے شواہد نہیں ملے آئندہ سماعت پر ملزمان بریت کی درخواستیں دائر کریں گے۔ احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمر الزمان نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب حکام نے نئے شامل تفتیش ہونے والے ملزمان کے حوالے سے سپلیمنٹری تفتیشی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ نیب نے پورے کیس کی ازسرنو تفتیش کی اور شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت تمام 16 ملزمان کو بے گناہ قرار پائے ہیں۔ اثاثے بنانے میں کرپشن کے شواہد نہیں ملے۔ فاضل جج نے تفتیشی افسر نے استفسار کیا کہ دوبارہ تفتیش کی گئی اور کرپشن ثابت نہیں ہو سکی تو پہلے ریفرنس میں ملزمان کو گناہ گار کیوں قرار دیا تھا اس پر تفتیشی افسر نے نئے نیب قانون کے تحت اگر اثاتہ جات بنانے کے عمل کرپشن کے شواہد نہ ہو تو نیب کارروائی نہیں کر سکتا، اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت کسی بھی ملزم کیخلاف اثاثہ جات بنانے میں کرشن کا عنصر ثابت نہیں ہو سکا ملزمان بے گناہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جگہ پیشی کیلئے ان کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔ وکلاء نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی جیسے عدالت نے منظور کر لیا اور مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کر دی۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ ملزمان کی بریت کی راہ ہموار ہو گئی آئندہ سماعت پر شہباز شریف نسیت تمام ملزمان کی بریت کی درخواستیں دائر کی جائیں گی.