فتنہ کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں کہیں بھی عوام باہر نہیں نکلی: مریم نواز شریف

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ کی گرفتاری کے بعد پورے پاکستان میں کہیں بھی عوام باہر نہیں نکلی، صرف وہ تربیت یافتہ بلوائی باہر آئے ہیں جنہیں پچھلے کئی ماہ سے زمان پارک میں اس کی ٹریننگ دی جا رہی تھی۔ مریم نواز شریف نے کہا آج سامنے آنے والی آڈیوز سے بھی یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اس تخریب کاری کا منصوبہ عمران خان نے خود بنایا ہوا تھا اور وہ تنصیبات مارک کی ہوئی تھیں جہاں اسکی گرفتاری کی صورت میں حملہ کیا جانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے بھی تحریکِ انصاف کے ان دہشت گردوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے اور کسی احتجاج کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے، یہ عمران خان کی تخریبی سیاست کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے، حکومت کو ان شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہئے۔