عمران خان پر سنگین الزامات ہیں،برطانیہ سے رقم کی منتقلی کے معاملے میں اپنی کابینہ کو دھوکا دیا،بلاول بھٹو زرداری

کراچی(آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو کالعدم م قراردینے کے حق میں نہیں ہو ں، پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے آیئنی و قانونی طریقہ کار اپنانا ہوگا، یہ آخری آپشن کے طور پر ضرور موجودہے،گرفتاریوں پر نہ ہی جشن اور نہ مٹھائیاں بانٹتے ہیں، جو کرنا تھا کر لیا اب تحریک انصاف کو مزید خرابی نہیں کرنی چاہئے،کوشش ہے کہ کوئی ایسا سیاسی نتیجہ نکالا جائے جس سے ملک میں سیاسی استحکام لائیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاستدان گرفتار ہوتے ہیں تو پوری سیاست کا نقصان ہوتا ہے، ہم کبھی جشن نہیں مناتے، نہ ہی مٹھائیبانٹتے ہیں، پیپلزپارٹی پہلے دن سے نیب کے خلاف ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نیب کا دفاع کرتی آئی ہے، 2008 سے 2013 تک چارٹر آف ڈیموکریسی کا حصہ تھا کہ ہم نیب کو بند کریں گے، عمران خان نے اس کو مک مکا قرار دیا اور نیب کو بچانے کے لیے مہم شروع کردی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی نیب ترامیم سے فائدہ حاصل کرنے والا سب سے پہلا سیاستدان خود عمران خان ہے، افسوس ہے کہ ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، انہوں نے برطانیہ سے رقم کی منتقلی کے معاملے میں اپنی کابینہ کو دھوکا دیا، میں پی ٹی آئی کی اس وقت کی کابینہ میں شامل تمام اراکین سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان الزامات کی تردید کریں۔۔انہوں نے کہا کہ ہم نے میاں صاحب کی حکومت میں بھی کہا تھا نیب کو بند کیا جائے، ہماری بات نہیں مانی گئی، آج ہمارے اتحادی ہمارے مؤقف پر آگئے ہیں، ہم سب کا مطالبہ تھا کہ نیب ریفارمز کی جائیں، ہم نیب ریفارمز لے کر آئے، اب 90 روز کے بجائے 14 روز نیب کی قید میں رہ سکتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اب نیب ریفارمز سے عمران خان خود فائدہ لے رہے ہیں، 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کا پیسہ ہے، سندھ کے عوام کا پیسہ ہے، عمران خان احتساب کا نام لینے والے وزیراعظم تھے، خان صاحب کو موقع فراہم کیا گیا کہ وہ عوام کا لوٹا پیسہ واپس لے کر آئیں گے.