عمران خان کی وحشیانہ طریقے سے گرفتاری نواز شریف کو خوش کرنے کیلئے کی گئی: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی سے گرفتاری سے قبل ٹیلیفون پر موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی وحشیانہ طریقے سے گرفتاری نواز شریف کو خوش کرنے کیلئے کی گئی ہے، ملک میں آج افراتفری کا عالم ہے، سارا پاکستان عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کیلئے سڑکوں پر ہے، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے انشاء اللہ ایک دن ضرور انصاف ملے گا، عمران خان بین الاقوامی شہرت کی حامل شخصیت ہیں، ساری دنیا کے سربراہان نے ان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو چاروں صوبوں میں مقبول ہیں، عمران خان کی رہائی تک تحریک انصاف کا پرامن احتجاج جاری رہے گا.