راولاکوٹ کے شہری نے اپنی جائیداد مریم نواز کے نام کردی

مظفر آباد(آن لائن)آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ کے رہائشی نے اپنی تمام جائیداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے نام کردی ہے۔راجہ نادر نامی ٹوئٹر صارف نے ایک وصیت نامہ شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی، جس پر انہوں نے لکھا کہ آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ کے رہائشی نے اپنی ساری زمین مریم نواز شریف کے نام کرنے کی وصیت کر دی۔وصیت نامے کے مطابق ذاہد حسین اپنے مکمل ہوش و حواس میں بنا کسی جبر و دباؤ کے اپنے من مرضی سے اپنی تمام اراضی جو میری ملکیت ہے، چاہے وہ 50 ہزار کنال ہو یا 32 ہزار کنال ہو، مریم نواز دختر نواز شریف کے نام دیتا ہوں ’۔وصیت میں لکھا گیا کہ مریم نواز کو مکمل اختیار ہے کہ وہ اس جائیداد کا جو جی چاہے کرسکتی ہیں۔ شہری کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس کی زندگی میں بچوں اور ورثاء کے تقریباً 50 کنال کو چھوڑ کر اس کی زندگی میں مریم نواز 50 فیصد کی مالک ہیں اور انتقال کے بعد 100 فیصد کی مالک ہوں گی، اس کے علاوہ شہری کا معاوضہ جو تقریباً 8 کروڑ روپے ہے وہ بھی مریم نواز ہی وصول کریں گی۔شہری نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ معاوضہ کس چیز کے عوض ہے، اس کے علاوہ مریم کو تمام 7 گاؤں پر مشتمل رقبے کا مالک بھی بنایا دیا۔شہری نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ انہوں نے اپنی جائیداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدر کے نام کیوں کی ہے۔سوشل میڈیا پر یہ ٹوئٹ وائرل ہونے کے بعد مریم نواز نے حیرت کا اظہار کیا اور ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یا اللہ اس شخص نے ایسا کیوں کیا، بلاشبہ یہ دل کو چھو لینے والی بات ہے۔