اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان اور سعودی عرب نے روڈ ٹومکہ پراجیکٹ معاہدے کومکمل فعال کرنے پر اتفاق کیاہے،پراجیکٹ سے حجاج کی بغیر رکاوٹ امیگریشن ممکن ہوگی، منصوبے کا آغاز اسلام آباد سے ہوگا جبکہ منصوبے سے 40ہزار حجاج مستفید ہوں گے۔ تفصیل کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کر نے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی نائب وزیرداخلہ معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔پراجیکٹ کے ذریعے حجاج کو آسان اور بغیر رکاوٹ امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کا آغاز اسلام آباد سے ہوگا، منصوبے سے 40 ہزار حجاج مستفید ہوں گے۔اس موقع پر وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا۔ چاہتے ہیں زیادہ زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ سعودی سفیر نے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان کے عوام خادم حرمین الشریفین سے خاص محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔ دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ المبارک سے موجودہ سال کے حج سیزن کے لیے ملکی عازمین کے لیے اجازت نامے جاری کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
Load/Hide Comments



