پوری قوم فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے پرعزم ہیں،شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ پوری قوم فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے دردونی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت پانے والے پاک آرمی کے جوانوں حوالدار سلیم خان, نائیک جاوید اقبال, سپاہی نذیر خان, سپاہی حضرت بلال,سپاہی سید رجب حسین اور سپاہی بسم اللہ جان کو خراج عقیدت کیا ہے،وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے راستے میں آہنی دیوار ہے،پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چھ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورشہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی،وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاکستان کی مسلح افواج اور قوم مل کر دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کے لیے پر عزم ہیں،پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کا شمالی وزیرستان کے علاقہ دردونی میں سیکورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی ہے اورحملے کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے،سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے،دونوں رہنماؤں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے، دہشتگرد کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں وہ انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں،پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے اور سیکورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے،سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعااورزخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا۔