نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے،، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے،خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہو گا۔تفصیل کے مطابق مریم نواز کی زیرصدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کیوآر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل کی پیش رفت پر غور ہوا۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کا پنجاب بھر میں نوجوانوں اور خواتین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے عمل پراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے رجسٹریشن میں بھرپور شرکت پر خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، نوجوان اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اْن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جارہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہو گا۔ مریم نواز شریف نے تمام یوتھ کوآرڈینیٹرز کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے عاشق حسین، حنابٹ اور نوشین کی کارکردگی کی تعریف کی.