حق دو گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کو رہا کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن

کراچی آن لائن) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر حق دو گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن اور کارکنان کی گرفتاری کے خلاف مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت کوسٹ گارڈ چورنگی،کورنگی سے ابراہیم حیدری جیٹی تک ”مزدور ریلی“نکالی گئی۔ماہی گیروں کی بستی میں حافظ نعیم الرحمن کا زبردست اور فقید المثال استقبال کیا گیا اور گل پاشی کی گئی۔ماہی گیروں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر تحریر تھا کہ محنت کشوں کے ترجمان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ،ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ماہی گیروں کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کو رہا کرو،ٹھیکداری نظام بند کرو،ریلی میں ماہی گیروں کے علاوہ محنت کشوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،صدرنیشنل لیبر فیڈریشن کراچی خالد خان، جنرل سکریٹری قاسم جمال،ماہی گیروں کے رہنمانور حسین اراکانی، ہوم بیسڈ ورکرز شاہدہ کھوکھر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ناظم علاقہ ساجد عثمانی،یوسی چیئرمین خورشید اقبال ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے ”مزدور ریلی“سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم آج کی ”مزدور ریلی“حق دو گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کے نام کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ماہی گیروں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں، حق دو گوادر تحریک مزدور وں کی جدوجہد کے لیے ایک مثال ہے۔مولانا ہدایت الرحمن کی اپیل پر گوادر کے غیور عوام لاکھوں کی تعداد میں گھروں سے نکل کر احتجاج کرتے ہیں،مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلندکرنے پر حکمرانوں پر لرزہ طاری ہوجاتا ہے،ہم مزدور وں کے عالمی دن کے موقع پر مطالبہ کرتے ہیں کہ محنت کش مزدوروں کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کو رہا کیا جائے،مزدوروں کے تمام جائز مطالبات کو منظور کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ماہی گیر محنت کر کے زندگی بسر کرتے ہیں، لیکن کسٹم حکام ماہیگیروں سے بھتہ وصول کرتے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدور کی اجرت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حساب سے طے کی جائے، مزدوروں کو با عزت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی 15سال سے حکومت میں ہے وہ بتائے کہ صوبے میں مزدوروں کو کون سے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں،صورتحال یہ ہے کہ محنت کشوں کوسوشل سیکورٹی میسر نہیں ہے، لاکھوں کی تعداد میں مزدور ٹھیکداری بنیاد پر کام کررہے ہیں، پیپلزپارٹی محنت کش اور مزدور دشمن پارٹی ہے جو انہیں مستقل محروم کررہی ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اوروزیر محنت سعید غنی سے سوال کرتے ہیں کہ محنت کش مزدوروں اورسندھ کے ہاریوں کو ان کے حقوق کیوں نہیں دیے جاتے؟۔جماعت اسلامی کراچی میں رہنے والے ہر زبان بولنے والے کی جماعت ہے۔ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ابراہیم حیدری کے رہائشی بنگالی اور برمی زبان بولنے والوں کے شناختی کارڈ کیوں نہیں بنائے جارہے۔ہم نادرا حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بنگالی اور برمی زبان بولنے والوں کے قومی شناختی کارڈ بنائے جائیں۔