جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں و تنظمیوں کے سرکردہ رہنماؤں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت

اسلام آباد(آن لائن) جنوبی پنجاب کی سیاسی شخصیات نے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ پنجاب حکومت کے سابق وزیر مظفرگڑھ سے سید ہارون احمد سلطان بخاری مسلم لیگ ن سے پی پی پی میں شامل ہوئے ہیں۔ وہاڑی سے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری اصغر جٹ پی ٹی آئی سے پی پی پی میں شامل ہوگئے۔ خانیوال سے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ مسلم لیگ ن سے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے۔مظفرگڑھ کے پی پی 271 کے ٹکٹ ہولڈر ملک فیض احمد کھکھ ایڈووکیٹ مسلم لیگ ق سے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ بہاولنگر سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر رانا انتظار احمد پی پی پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر میاں عامر وٹو اور میونسپل کمیٹی خانیوال کے سابق چیئرمین مسعود مجید ڈاھا پی ٹی آئی سے پی پی پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی اور مخدوم سید احمد محمود موجود تھے۔اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اراکین قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضی محمود اور مخدوم سید مصطفی محمود بھی موجود تھے۔ زرداری ہاؤس میں سیاسی زعماء کی شمولیت کے موقع پر پی پی پی ضلع مظفرگڑھ کے جنرل سیکریٹری ملک مظہر پہوڑ، ملک فیاض احمد کھکھ ایڈووکیٹ اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔