داعش گروپ کے مشتبہ سربراہ ابو الحسین الحسینی القرشی کو آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا، رجب طیب اردوان

انقرہ (آن لائن) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترک انٹیلی جنس فورسز نے داعش گروپ کے مشتبہ سربراہ ابو الحسین الحسینی القرشی کو آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کی انٹیلی جنس فورس نے شام کے شمال مغربی علاقے جنداریس میں خفیہ آپریشن کے دوران داعش کے مشتبہ رہنما کو ہلاک کیا۔ صدر رجب طیب ادوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ترک انٹیلی جنس طویل عرصے سے داعش کے مبینہ سربراہ کی تلاش میں تھی اور اس کا تعاقب کر رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بغیر کسی امتیاز کے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تاہم داعش کی جانب سے ان کے سربراہ کی ہلاکت کے حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔